ایشیا کپ 2025: پاکستان کا بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ

ایشیا کپ 2025: پاکستان کا بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ہائی وولٹیج مقابلہ ہونے جا رہا ہے، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 7:30 بجے شروع ہوگا۔ اس اہم ٹاکرے سے قبل پاکستان نے قومی ٹیم میں چند اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق اوپننگ میں تبدیلی کا امکان ہے، جہاں محمد حارث یا فخر زمان اننگز کا آغاز کریں گے۔ صائم ایوب کو چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مڈل آرڈر کو مستحکم کیا جا سکے۔

ادھر حسن نواز کی جگہ آل راؤنڈر فہیم اشرف یا حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم کو اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ان کی جگہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے شاہین شاہ آفریدی کو بھارت کے خلاف میچ سے قبل خاص مشورے دیئے ہیں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ بھارتی اوپنر شبمن گل کو قابو میں رکھنے کے لیے اسمارٹ باؤلنگ اور مخصوص حکمت عملی کی ضرورت ہے

انہوں نے عمانی بولر شاہ فیصل کی شبمن گل کو لیٹ سوئنگ فل لینتھ گیند پر آؤٹ کرنے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ’’میں چاہتا ہوں کہ شاہین بھی کچھ اسی طرح کی ورائٹی کے ساتھ بولنگ کرے۔‘‘

وسیم اکرم نے کہا کہ دنیا اب جان چکی ہے کہ شاہین آفریدی ابتدا میں یارکرز پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے انہیں’’پلان بی‘‘ کی ضرورت ہے۔ “ایک یارکر تو ٹھیک ہے، لیکن مسلسل یارکرز نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ شاہین کو چاہیے کہ لینتھ میں تبدیلی اور ورائٹی کے ساتھ باؤلنگ کریں تاکہ حریف بیٹنگ لائن دباؤ میں آئے۔”

ایشیا کپ کے اس بڑے مقابلے سے قبل پاکستان کی ٹیم کے یہ فیصلے اور حکمت عملی کس حد تک کارگر ثابت ہوتے ہیں، اس کا جواب آج میدان میں ملے گا۔

Scroll to Top