وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے مسلح افواج کی بھارت کے خلاف جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کو ناکام بنا کر قومی وقار بلند کیا ہے۔
راولاکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
چودھری انوار الحق نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور فیلڈ مارشل کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے بعد بھارت میں صف ماتم بچھ چکی ہے اور اس سے خطے میں دفاعی ہم آہنگی مزید مضبوط ہوگی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اعلان کیا کہ مسئلہ کشمیر کو دوبارہ او آئی سی اور عرب لیگ کے پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے گا تاکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جدوجہد سے آگاہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی ڈی آئی خان میں کارروائی، 7 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک
آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق نے پونچھ کے لیے ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کیا تاکہ وہاں کے عوام کی مشکلات کا حل یقینی بنایا جا سکے۔





