پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایبٹ آباد میں خواتین ورکرز اور ان کی فیملیز کے لیے ایک شاندار پیپلز فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
فیسٹیول پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیرِ اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ ایبٹ آباد میں منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں خواتین کارکنان، عہدیداران اور ان کے خاندانوں نے شرکت کی۔
فیسٹیول کی میزبانی ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سید سلیم شاہ اور ان کی کابینہ نے کی، پیپلز سیکرٹریٹ پہنچنے پر صدر خواتین ونگ محترمہ نورالعین، جنرل سیکرٹری رومش سلیم، عائشہ جاوید اور طاہرہ بی بی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، تقریب کا باقاعدہ آغاز مس ماہ نور نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیے۔
ایونٹ میں خواتین اور بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے متنوع اور روایتی اسٹالز لگائے گئے جبکہ کاروباری خواتین کی جانب سے ملبوسات، آرائش اور دیگر اشیا کے خوبصورت سٹالز نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
فیسٹیول کے دوران پارٹی کے منشور کی تقسیم، خواتین کی ممبرشپ فارم پُر کرنے، اور پارٹی رنگوں سے مزین غبارے فضا میں چھوڑنے جیسی سرگرمیوں نے ماحول کو مزید خوشگوار بنایا۔
سب سے اہم پہلو یہ رہا کہ خواتین شرکا اور اسٹال ہولڈرز نے اپنی آمدن سیلاب متاثرین کے لیے وقف کر دی جبکہ ایونٹ سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم بھی متاثرین کو عطیہ کی گئی۔
محترمہ نورالعین نے فیسٹیول کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد خواتین کارکنان کو متحرک کرنا، پارٹی منشور سے روشناس کروانا اور باہمی رابطوں کو فروغ دینا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری چین کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
خواتین مقررین نے بھی اس ایونٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسا مثبت اور جامع ایونٹ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں کارکنان کے ساتھ ساتھ عوامی و سماجی حلقوں کو بھی شرکت کا موقع ملا۔





