قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو تھرڈ امپائر کی جانب سے آؤٹ قرار دینا ایک بڑا تنازع بن گیا۔
تھرڈ ایمپائر کی جانب سے غلط فیصلہ دینے پر نہ صرف شائقین بلکہ کھلاڑی، کوچز اور کمنٹیٹرز بھی حیرت میں مبتلا ہو گئے۔
میچ کے دوران تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو کیچ آؤٹ قرار دیا حالانکہ ری پلے میں واضح دکھائی دے رہا تھا کہ گیند پہلے زمین سے ٹکرائی اور پھر وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، فخر زمان نے خود بھی امپائر کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ فخر زمان آؤٹ نہیں تھے، آل راؤنڈر عامر یامین نے طنز کرتے ہوئے کہا امپائر بھائی جو بھی کرو، جیتنا آج پاکستان نے ہے۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو اے کلاس پرفارمنس دے کر نہ صرف بھارت بلکہ فیلڈ امپائر کو بھی ہرانا ہو گا۔
کرکٹر صہیب مقصود نے امپائرنگ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ امپائر وہی تو نہیں جو پچھلے دو میچز سے فیلڈ میں پیچھے پڑا ہوا ہے؟
معروف اینکر ایمن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا آج پتہ چلا، تیسرا بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہٹ دھرمی برقرار، بھارتی کپتان نے پھر پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا
یہ تنازع صرف پاکستانی حلقوں تک محدود نہ رہا بلکہ بھارتی صحافی راہل راوت نے بھی فخر زمان کو غلط آؤٹ قرار دیا، ان کا کہنا ہے لگ یہی رہا ہے کہ گیند زمین سے ٹکرانے کے بعد گلوز میں گئی۔
سوشل میڈیا پر بھی فخر زمان کے آؤٹ پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا جہاں صارفین نے تھرڈ امپائر کے فیصلے کو کرکٹ کی ساکھ کے خلاف قرار دیا۔





