پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جلسے کرنے کا کوئی جواز نہیں، اس سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ جلسے عوام کے ٹیکس کے پیسے پر بوجھ بن رہے ہیں، اور جلسے کے شرکاء کو کرائے پر لایا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال تشویش ناک ہے، مگر حکومت کی طرف سے کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ واضح کریں کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں یا دہشت گردوں کے ساتھ۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے دو افراد دو الگ باتیں کرتے ہیں، جس سے الجھن پیدا ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں وزیر اعلیٰ کے جلسہ گاہ دورے پر دھکم پیل، وی آئی پی گیٹ ٹوٹ گیا
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ خودمختار ہے اور موجودہ قیادت کو چاہیے کہ وہ صوبے کے عوام کو اپنی پوزیشن صاف صاف بتائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگ قربانیاں دے چکے ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ کو خود معلوم نہیں کہ اصل صورتحال کیا ہے۔





