ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا ٹاکرا اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہونے جا رہا ہے، تاہم روایتی جوش و خروش کے برعکس اس بار فائنل سے قبل کپتانوں کا ٹرافی فوٹو شوٹ بھی مشکوک ہو گیا ہے۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز کسی فوٹو سیشن کا کوئی شیڈول طے نہیں ہوا، اور اب اس بارے میں حتمی فیصلہ فائنل سے چند گھنٹے قبل اتوار کو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ پاک-بھارت میچز میں تناؤ کی فضا برقرار رہی ہے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے گذشتہ دو میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانا اور رسمی برتاؤ سے گریز اسی کشیدگی کا مظہر ہے۔ اسی تناظر میں اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کپتانوں کا روایتی ٹرافی فوٹو شوٹ بھی ملتوی یا منسوخ ہو سکتا ہے۔
شائقین کرکٹ کے لیے یہ لمحہ ہمیشہ یادگار اور جذباتی ہوتا ہے، جب دونوں ٹیموں کے کپتان میدان میں ٹرافی کے ساتھ مسکراتے چہروں کے ساتھ کیمروں کے سامنے آتے ہیں، لیکن اس بار یہ منظر شاید دیکھنے کو نہ ملے۔
ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات 7 بجے (پاکستانی وقت) پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ فائنل کے حوالے سے ٹیم کے عزم اور تیاریوں پر روشنی ڈالیں گے۔
قومی ٹیم دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں آج رات 7 سے 10 بجے (پاکستانی وقت) تک اپنی آخری پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ایشیا کپ کا یہ فائنل صرف ایک کرکٹ میچ نہیں بلکہ دو روایتی حریفوں کے درمیان اعصاب کی جنگ ہے، جسے دنیا بھر کے شائقین بے صبری سے دیکھ رہے ہیں۔ روایتی فوٹو شوٹ ہو یا نہ ہو، میدان میں ہونے والا مقابلہ یقیناً تاریخ رقم کرے گا۔





