مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی تک عوام، کارکنان اور قیادت چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ہونے والے جلسے کو ’’منظم اور تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی غیر معمولی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام عمران خان اور پی ٹی آئی کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
انہوں نے تمام کارکنان کو جلسے کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی کہ ’’مخالفین کی تنقید کو نظر انداز کریں، کیونکہ ان کا کام صرف منفی باتیں پھیلانا ہے‘‘۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ’’حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی ہی ہمارا حتمی مقصد ہے، اور اس مشن میں کوئی رکاوٹ ہمیں روک نہیں سکتی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحریک صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ قوم کے شعور کی علامت بن چکی ہے، اور کارکنان ہر محاذ پر ڈٹے رہیں گے۔





