سیلاب متاثرین کے لیے چین کی جانب سے امدادی سامان لے کر دو طیارے پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر وفاقی وزیر امیر مقام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے امدادی پروازوں کا استقبال کیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان میں 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل شامل ہیں، جو فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ چین کی بروقت امداد پاک چین لازوال دوستی کی روشن مثال ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ادارے اور این ڈی ایم اے پوری طرح متحرک ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور موجودہ امداد دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا عملی ثبوت ہے۔





