ایشیا کپ کے 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار بھارت اور پاکستان کا فائنل مقابلہ آج اتوار کو دبئی میں کھیلا جانا تھا، لیکن موسم کی غیر یقینی صورتحال نے شائقین کے دلوں میں خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر میچ بارش کی وجہ سے کھیلا نہ جا سکا یا ’’نو رزلٹ‘‘ قرار پایا تو ایشین کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق کیا عمل ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے قواعد کے مطابق اگر فائنل میچ ’’نو رزلٹ‘‘قرار دیا جاتا ہے، تو ٹرافی دونوں ٹیموں میں برابر بانٹ دی جائے گی۔ تاہم، پیر کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے مشترکہ چیمپئن بننے کے امکانات کافی کم سمجھے جا رہے ہیں۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ بھارت اور پاکستان فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جس کے باعث اس میچ کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ میں موسم نے خاص طور پر رکاوٹ نہیں ڈالی، مگر آج کی گرمی اور ممکنہ بارش نے کھیل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
موسمیاتی ادارے ایکیو ویدر کے مطابق دبئی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ریئل فیل 42 ڈگری تک محسوس کیا جائے گا۔ اس شدید گرمی کے باوجود شائقین اور کھلاڑی دونوں اس تاریخی مقابلے کے لیے پرجوش ہیں۔
فائنل میں بھارت کے اوپنر ابھیشیک شرما کی کارکردگی پر سب کی نظریں ہیں۔ وہ اس وقت ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں جنہوں نے چھ میچوں میں 309 رنز بنائے ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 204.64 ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نو وکٹوں کے ساتھ قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بولر ہیں اور مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
بھارت کے باولنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا ہے کہ ’’شاہین ایک جارحانہ بولر ہیں جو حریف بلے باز کو جلد از جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے، اور ابھیشیک بھی کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہ مقابلہ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک شاندار لمحہ ہے۔‘‘
یہ تاریخی فائنل صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک ایسا معرکہ ہے جس پر دنیا بھر کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ اب سب کی نگاہیں موسم کی صورتحال اور دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔





