کابل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل، سرگرمیاں مکمل بند

کابل: افغانستان میں انٹرنیٹ سروسز کی معطلی نے ملک بھر میں روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ دارالحکومت کابل کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں اداروںاور نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں انٹرنیٹ کی اچانک بندش نے نہ صرف اندرون و بیرون ملک رابطے مفلوج کر دیے ہیں بلکہ بینکنگ، آن لائن تعلیم اور دیگر اہم سہولیات بھی تعطل کا شکار ہو چکی ہیں۔

کابل ایئرپورٹ سے منسلک ذرائع نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے پر آمدورفت تقریباً رک چکی ہے، اور بیشتر پروازیں یا تو منسوخ کر دی گئی ہیں یا ان کا اسٹیٹس نامعلوم ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایک مسافر کو ایئرپورٹ عملے نے بتایا کہ جمعرات سے قبل کسی قسم کی پرواز متوقع نہیں ہے، جبکہ مقامی شہریوں کے مطابق پیر کی شام سے تمام فلائٹس بند ہیں۔ ایئرپورٹ پر سناٹا چھایا ہوا ہے اور معمول کی چہل پہل ختم ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کے حوالے سے ایف بی آر کا اہم بیان

طالبان حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ پابندی پیر سے نافذ العمل ہے اور تاحکمِ ثانی جاری رہے گی۔

انٹرنیٹ کی بندش سے متاثر ہونے والے لاکھوں صارفین اور کاروباری ادارے پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی نے غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کو سفری مسائل میں مبتلا کر دیا ہے۔

Scroll to Top