پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں، آندھی، اور موسلا دھار بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 7 اکتوبر کے دوران دیر بالا و زیریں، چترال بالا و زیریں، سوات، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور مہمند سمیت دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
ادارے نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں بھی تیز بارش اور آندھی کے امکانات ہیں۔
شدید بارش کے باعث بالائی و زیریں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں مقامی ندی نالوں اور چشموں میں طغیانی آ سکتی ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ موجود ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نکاسیِ آب کے نظام کی صفائی، عوام، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے لیے پیشگی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔ کاشتکاروں اور مال مویشی پال حضرات کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں : حالیہ سیلاب کے بعد مہنگائی میں کتنا اضافہ ہوا؟ اعداد و شمار جاری
ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل فعال ہے، اور کسی بھی ہنگامی اطلاع یا مدد کے لیے عوام 1700 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





