پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سخت روزانہ نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ منصوبوں میں بدعنوانی، سست روی، غفلت اور شفافیت کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی کی جا سکے۔
اجلاس کی صدارت کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کی جس میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند اور خیبر کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور شفافیت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی اور تمام اضلاع کو مقررہ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
بدعنوانی یا غیر معیاری کام کی صورت میں ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا اور معاملہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن) اور نیشنل اکاؤنٹی بلٹی بیورو (نیب) کو ارسال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں مسافر اڈوں، صحت کے مراکز، اسکولوں، ہسپتالوں، پٹوار خانوں اور دیگر عوامی خدمات فراہم کرنے والے محکموں کی کارکردگی اور شفافیت پر بھی سخت نظر رکھی جائے گی۔
کمشنر ریاض خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند: ایمرجنسی میں بہترین ہم آہنگی، ریسکیو اور پولیس کی کامیاب مشترکہ کاوشیں
روزانہ کی کارکردگی کی رپورٹ (ڈی ایس آر) بھی طلب کر لی گئی ہے تاکہ نگرانی میں مزید شفافیت اور موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت یہ اقدامات عوام کو بہتر اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل تیزی سے جاری رہے۔





