علیمہ خان کی علی امین گنڈاپور پر برتری، وزیراعلی خیبر پختونخوا کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ فیصلہ عمران خان کی جانب سے جیل سے پارٹی قیادت کو دیے گئے حالیہ احکامات کے تحت کیا گیا ہے۔ پارٹی کے اندرونی حلقوں میں کافی عرصے سے علی امین گنڈا پور کی کارکردگی اور بعض انتظامی فیصلوں پر تحفظات پائے جا رہے تھے، جنہیں بنیاد بنا کر یہ تبدیلی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

عمران خان نے پارٹی کی سینیئر قیادت کو ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کو فوری طور پر وزیراعلیٰ کے منصب سے ہٹا دیا جائے اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرانے کے لیے صوبائی اسمبلی میں ضروری اقدامات کیے جائیں۔

پی ٹی آئی قیادت کا دعویٰ ہے کہ سہیل آفریدی کا شمار خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے نسبتاً صاف شفاف اور مؤثر منتظمین میں ہوتا ہے۔ وہ پہلے بھی صوبائی حکومت میں اہم انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور پارٹی قیادت کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ عمران خان نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی نامزدگی کی منظوری دی ہے۔

علی امین گنڈا پور، جنہیں مارچ 2024 میں وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا، حالیہ مہینوں میں پارٹی پالیسی سے انحراف اور بعض متنازع بیانات کے باعث قیادت کی تنقید کی زد میں تھے۔ ذرائع کے مطابق بالخصوص خیبرپختونخوا میں گورننس اور قانون و امن کے معاملات پرپارٹی میں ان کی قیادت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق، آئندہ چند روز میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کی تبدیلی اور سہیل آفریدی کو قائد ایوان منتخب کرانے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور لابنگ شروع کی جائے گی۔ اگر مطلوبہ اکثریت حاصل ہو گئی تو سہیل آفریدی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

Scroll to Top