وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہ ہوا تو تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی، اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب

خیبرپختونخوا میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ گیا، تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل(سما نیوز)کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے استعفے کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں اور قانونی ماہرین پر مشتمل ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا جائے گا، جس کا باضابطہ اعلامیہ بھی آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا استعفیٰ منظور نہ ہوا تو پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جا سکتی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی اپنی سیاسی حکمت عملی کو فعال رکھتے ہوئے حکومت میں تبدیلی کے آپشنز پر غور کر رہی ہے، جبکہ اپوزیشن کی نظریں بھی اس ہنگامی اجلاس پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top