خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کا رخ کر لیا۔ روانگی سے قبل انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے سے مصافحہ کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کے فیصلے کو حتمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ایک عام پارٹی ورکر کے طور پر سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
گزشتہ روز اپنے بیان میں سابق وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ استعفیٰ دے چکے ہیں اور اب اگر بانی تحریکِ انصاف بھی انہیں استعفیٰ واپس لینے کا کہیں، تب بھی وہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین جتنی بھی کوشش کرلیں، وہ خیبرپختونخوا حکومت کو نہیں گرا سکتے۔
علی امین گنڈاپور کے اس غیر متوقع فیصلے نے صوبائی سیاست میں نئی ہلچل پیدا کر دی ہے، جبکہ پارٹی حلقوں اور عوام میں ان کے استعفے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔





