دنیا کی معروف کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی ایمازون ویب سروسز (AWS) کو ایک بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث عالمی سطح پر سینکڑوں ویب سائٹس اچانک بند ہو گئیں اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ AWS کے ایک اندرونی نظام میں پیش آیا جو نیٹ ورک لوڈ بیلنسنگ کی نگرانی کرتا ہے۔
اس خرابی کے نتیجے میں متعدد آن لائن پلیٹ فارمز بشمول ای کامرس، گیمنگ اور مواصلاتی ایپس متاثر ہوئیں۔
متاثرہ سروسز میں اسنیپ چیٹ، زوم، روبلوکس، سگنل اور ڈوولنگو جیسے معروف پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
انٹرنیٹ کی بندش کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، اس تکنیکی خلل سے ایک ہزار سے زائد کمپنیاں متاثر ہوئیں،
جبکہ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے لاکھوں صارفین نے سروسز بند ہونے کی شکایات درج کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہوشیار، خبردار! موٹر سائیکل چلانے والوں کیلئے اہم خبر آ گئی
ٹیکنالوجی ماہرین نے اس واقعے کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی تاریخ کی سب سے بڑی تکنیکی خرابی قرار دیا ہے، جس نے دنیا بھر میں صارفین کی انٹرنیٹ خدمات کو بری طرح متاثر کیا۔
ایمازون کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بنیادی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، تاہم کچھ سروسز میں اب بھی مسائل جاری ہیں۔
کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں مکمل نظام کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ تمام متاثرہ خدمات جلد از جلد بحال ہو سکیں۔





