علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران بارہا نوٹس کے باوجود علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے مسلسل غیر حاضری کو بنیاد بناتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو فوری طور پر گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ کیس کی اگلی سماعت 28 اکتوبر 2025 کو مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ تھانہ بارہ کہو، اسلام آباد میں درج ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں سیاسی ماحول پہلے ہی شدید کشیدگی کا شکار ہے، اور سابق حکومتی شخصیات کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top