پنجاب سے 21 ہزار 900 سے زائد افغانیوں سمیت غیرقانونی مقیم غیرملکی ڈی پورٹ

پنجاب سے 21 ہزار 900 سے زائد افغانیوں سمیت غیرقانونی مقیم غیرملکی ڈی پورٹ

پنجاب پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت 21 ہزار 900 سے زائد افغانیوں سمیت متعدد غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، اس وقت 423 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 6,007 افراد، افغان سٹیزن کارڈز کے حامل 10,861 افراد اور 5,041 غیر ملکی شامل ہیں۔

پنجاب کے آئی جی عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور میں 5 اور پورے صوبہ میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ان تمام افراد کو رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

عثمان انور نے واضح کیا کہ انخلا کا عمل بین الاقوامی قوانین کے تحت کیا جا رہا ہے اور اس دوران انسانی حقوق کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی غیر قانونی رہائشی غیر مناسب طریقے سے متاثر نہ ہو۔

یہ اقدام صوبہ پنجاب میں غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کو کنٹرول کرنے اور قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد سماجی اور اقتصادی استحکام کو فروغ دینا ہے۔

Scroll to Top