اگلے سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شائقین کرکٹ کو سب سے زیادہ جس مقابلے کا انتظار ہے، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا ہے، جو 8 فروری کو کولمبو میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک کھیلا جائے گا، جس کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔
ایونٹ کے میچز بھارت کے کم از کم پانچ بڑے شہروں اور سری لنکا کے دو وینیوز پر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ کا فائنل یا تو احمد آباد (بھارت) یا کولمبو (سری لنکا) میں کھیلا جائے گا۔
تاہم فائنل کا مقام ہائبرڈ ماڈل کے تحت طے کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی فائنل میں رسائی کو مدِنظر رکھا جائے گا۔
اگر پاکستان فائنل کھیلنے میں کامیاب ہوتا ہے تو ممکنہ طور پر میچ نیوٹرل مقام کولمبو منتقل کیا جا سکتا ہے۔
20 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اور سری لنکا کے علاوہ 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کی سرفہرست 7 ٹیمیں ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اور ویسٹ انڈیز ، پہلے ہی ایونٹ میں جگہ بنا چکی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حافظ گل بہادر کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، صحافی غریدہ فاروقی کا تہلکہ خیز انکشاف
ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کینیڈا (امریکا ریجن)، نیدرلینڈز اور اٹلی (یورپ)، نمیبیا اور زمبابوے (افریقہ) جبکہ نیپال، عمان اور یو اے ای (ایشیا) سے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
اٹلی کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
ورلڈ کپ کا فارمیٹ 2024 کے ایڈیشن جیسا ہی ہوگا: 20 ٹیمیں چار گروپس میں تقسیم ہوں گی، ہر گروپ میں پانچ ٹیمیں ہوں گی۔
ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی، جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل ہوگا۔
اس بڑے ایونٹ کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں اور شائقین کرکٹ کو خاص طور پر پاکستان بمقابلہ بھارت کے ہائی وولٹیج مقابلے کا شدت سے انتظار ہے۔





