راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل کامران افضل نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (GIKI)، ٹوپی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ایک تعلیمی و معلوماتی نشست کی۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک فوج و عوام کے درمیان تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے مثبت کردار اور اس کے غلط استعمال سے بچاؤ کے حوالے سے بھی طلبہ کے سوالات کے جوابات دیے۔
میجر جنرل کامران افضل نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں اور پاک فوج دشمن کی جارحیت کے خلاف ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوط رہے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیا اور نظم و ضبط کو زندگی کا شعار بنانے کی ہدایت کی۔
طلبہ و اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
طلبہ نے کہا کہ ایسی تعلیمی نشستیں مزید منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ایک طالب علم کا کہنا تھا قوم امن کی کوششوں اور ملکی ترقی میں پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
جبکہ دوسرے طالب علم نے کہا پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔
ایک اور طالب علم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہمارے سوالات کے تفصیلی جواب دیے جس سے ہمارے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات کافی حد تک دور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہےجہاں کے عوام نہایت محبِ وطن، باصلاحیت اور باحوصلہ ہیں، جو درحقیقت صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہاکہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدامات عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی رہنمائی کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج صوبے میں عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہیں تاکہ تشدد کو ہوا دی جا سکے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور بلوچستان کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔
سید عاصم منیرنےکہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہےتاہم ملکی سرحدی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی براہِ راست یا بالواسطہ کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ پاکستانی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کےتفصیلی سیشن پر ہوا۔





