پاکستان، چین اور امریکا کے درمیان تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، پاکستانی سفیر

واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ماضی کی طرح چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

انہوں نے یہ بات فیوچر سکیورٹی سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سفیر نے افغانستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ نے پاکستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے کیونکہ دہشت گردی کا منبع یہی خطہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، مگر اپنی عوام کی سلامتی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

رضوان سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کو بین الاقوامی بارڈر کے طور پر تسلیم کرنا ایک تاریخی حقیقت ہے جسے عالمی برادری کو بھی قبول کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور پاکستان اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی جی آئی ایس پی آر کی GIKI میں طلبہ و اساتذہ سے ملاقات، نوجوانوں کو نظم و ضبط اور تعلیم کو شعار بنانے کی اپیل

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں عالمی برادری کے لیے قابل قدر ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ خطے میں سلامتی قائم ہو سکے۔

فیوچر سکیورٹی سمٹ میں مختلف ملکوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جہاں علاقائی اور عالمی سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top