پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد دہشتگردی خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کیلئے متفقہ حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
امن جرگے میں سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، علماء، جرگہ مشران، سول سوسائٹی، وکلاء اور دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ جرگے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پولیس کو جدید آلات، تربیت اور وسائل فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوامی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اس سے قبل، سہیل آفریدی نے باڑہ میں امن جرگے سے خطاب میں کہا کہ ان کی نامزدگی پر اٹھائے گئے اعتراضات کو دور کیا جائے، ضم اضلاع کے بقایا جات فوری ادا کیے جائیں، اور واضح کیا کہ ہمیں بھیک نہیں چاہیے بلکہ ہمارا حق دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر ضلع میں امن جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل اور امن و امان کے اقدامات پر مشترکہ غور کیا جا سکے۔





