وزیراعظم وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کرینگے، وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ریاض روانہ ہوں گے۔ ان کا دورہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر ہو گا، اور وہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جائیں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے دیگر سینیئر اراکین بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم 27 سے 29 اکتوبر تک مستقبل کی سرمایہ کاری کانفرنس ’’ایف آئی آئی 9‘‘ میں شرکت کریں گے، جس کا موضوع ’’خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی سرحدوں کا انکشاف‘‘ رکھا گیا ہے۔ کانفرنس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ماہرین شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں، علاقائی و عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ وزیراعظم دیگر عالمی رہنماوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کر کے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت اور پائیدار ترقی کے منصوبے اجاگر کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کی عکاسی کرتا ہے۔





