محاذ آرائی نہیں، تدبر اور قانون کی راہ اپنائیں، شیرافضل مروت کا وزیرِاعلیٰ کو مشورہ

اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے خیبر پختونخوا میں سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات نہایت افسوسناک رخ اختیار کر چکے ہیں اور اب کسی مفاہمت کی توقع نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ نامزدگی کے فوراً بعد سہیل آفریدی کو وفاقی وزراء کی طرف سے بلا جواز تضحیک اور بے بنیاد الزامات کا سامنا کرنا پڑا، جس سے معاملات سیدھے ٹکر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

مروت نے واضح کیا کہ یہ نہ خیبر پختونخوا کے مفاد میں ہے اور نہ ہی تحریک انصاف کے مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔

https://x.com/sherafzalmarwat/status/1982537549412458685

شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کو موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے آئینی و قانونی راستے پر چلنا ہوگا کیونکہ سخت گیری اور محاذ آرائی ہمیشہ نقصان اور پسپائی کا باعث بنتی ہے، فتح کبھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : راشد لطیف نے ڈومیسٹک کرکٹ کے مسائل بے نقاب کر دیئے

انہوں نے زور دیا کہ اگر تحریک انصاف فعال اور زندہ رہنا چاہتی ہے تو خیبر پختونخوا حکومت کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہوگا، کیونکہ یہ عوام کی امانت اور سیاسی وجود کا اہم ستون ہے۔

مروت نے اختتامیہ میں کہا کہ وقت تدبر، حکمت اور پرسکون فیصلہ سازی کا ہے، اور جو دروازہ آج مذاکرات سے کھل سکتا ہے، کل شاید طاقت کے باوجود بھی نہ کھلے۔

Scroll to Top