قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورمایہ ناز بیٹسمین شعیب ملک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے شمار ہنر موجود ہے اسی لیے وہ یہاں آئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے پشاور میں منعقدہ “ٹیلنٹ ہنٹ” کرکٹ ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا معیار کم ہوا ہے اور اس میں بہتری کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے کھلاڑی ڈومیسٹک سطح سے ہی سامنے آئیں گے، اور اسی بنیاد پر گرین شرٹس دوبارہ عروج حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے لیے یہاں موجود ٹیلنٹ تلاش کر کے اسکالرشپ فراہم کرنا ایک احسن اقدام ہے، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
دریں اثنا تقریب میں سابق افغان ٹیم کوچ کبیر خان نے بھی شرکت کی اور کہا کہ انڈر 16 سے انڈر 19 کرکٹ کو بڑے اسٹیڈیمز تک لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے کھیلنے کا جذبہ اور خالص نیت ہی کرکٹ میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔
کبیر خان نے مزید کہا کہ محنت، لگن اور تسلسل وہ عوامل ہیں جو پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
“ٹیلنٹ ہنٹ” ایپ کے منتظمین کے مطابق اس پلیٹ فارم کے ذریعے نئے کرکٹرز کو تلاش کیا جائے گا اور سعودی عرب سمیت مختلف بین الاقوامی لیگز میں نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب سے خیبرپختونخوا میں آٹے کی ترسیل بند کرنا غیر آئینی ہے،میاں افتخار حسین
تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شرکاء نے اس اقدام کو خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔





