خیبر پختونخوا حکومت نے آؤٹ سورسڈ ہسپتالوں کے لیے 7 کروڑ 11 لاکھ سے زائد روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے نے آؤٹ سورسڈ ہسپتالوں کے لیے فنڈز کے اجرا کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

فنڈز ہیلتھ فاؤنڈیشن کے انتظامی کنٹرول میں ہسپتالوں کو منتقل کیے جائیں گے اور رقم کا اجرا اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے ذریعے کیا جائے گا۔
اس اقدام پر صوبائی کابینہ کی ہدایات کے مطابق محکمہ مالیات نے عمل درآمد مکمل کر لیا ہے۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق یہ پیش رفت آؤٹ سورسڈ ہسپتالوں کی مالی معاونت اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں صحت کارڈ پر معطل طبی سہولیات بحال
واضح رہے گزشتہ روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں صحت کارڈ پر معطل کی گئی طبی سہولیات بحال کر دی گئی ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد کے ٹی ایچ میں صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
ہسپتال کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سروسز کی عارضی معطلی کے دوران تعاون اور سمجھ بوجھ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔
خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ نے انشورنس کمپنی کی جانب سے تقریبا ایک سال کے بلز کی ادائیگیاں نہ ہونے پر تمام شعبوں میں صحت کارڈ پر علاج معطل کر دیا تھا۔
سروسز بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد مریض دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔
صحت کارڈ سہولت کی بحالی کے بعد ایک بار پھر مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم ہونا شروع ہو گئی ہے۔





