خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس اور کرپشن کی روک تھام کے لیے قائم احتساب کمیٹی غیر فعال

خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس اور کرپشن کی روک تھام کے لیے قائم احتساب کمیٹی غیر فعال

خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس کے فروغ اور کرپشن کی روک تھام کیلئے قائم انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی غیر فعال ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ سال تشکیل دی گئی تھی جس کا مقصد صوبائی وزراء اور کابینہ اراکین کی کارکردگی پر نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس رکھنا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تین ارکان پر مشتمل تھی جن میں شاہ فرمان، مصدق عباسی اور ایڈووکیٹ قاضی انور شامل تھے۔ یہ کمیٹی سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں فعال کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کو اختیار حاصل تھا کہ وہ کسی بھی وقت کسی بھی محکمے کے وزیر سے جواب طلب کر سکتی تھی، تاہم 15 ماہ بعد ممبران کی عدم دستیابی اور استعفوں کے باعث کمیٹی عملاً غیر فعال ہو چکی ہے۔

کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے اب تک کوئی نئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں۔ ان کے مطابق مصدق عباسی گاؤں چلے گئے ہیں جبکہ دیگر ممبران کی جانب سے بھی کمیٹی کے کام کو جاری رکھنے کے بارے میں کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے غیر فعال ہونے سے صوبے میں شفاف طرزِ حکمرانی اور احتسابی عمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Scroll to Top