سوات : سابق وی ڈی سی ممبر مفتاح الدین کیس میں بڑی پیش رفت

شہزاد نوید

سوات پولیس نے سابقہ وی ڈی سی ممبر مفتاح الدین کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے لین دین کے تنازع پر مقتول کو گولی مار کر قتل کیا تھا، جبکہ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 4 نومبر 2025 کو تھانہ کانجو کی حدود میں شہید بابا گورنمنٹ پرائمری اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے مفتاح الدین پر فائرنگ کرکے انہیںقتل کردیا اور فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سوات پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ سی ٹی ڈی تھانہ کبل میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز، ٹیکنیکل شواہد اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے ایک شخص محمد بادشاہ ولد بحری بوستان ساکن تھیلی آباد کانجو نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل مقتول مفتاح الدین نے مرغ ڈیلر انور خان سے 1 لاکھ 86 ہزار روپے مالیت کی مرغیاں خریدی تھیں، جن کی ادائیگی کی ذمہ داری محمد بادشاہ نے لی تھی۔ تاہم، مفتاح الدین نے بارہا یاد دہانی کے باوجود رقم واپس نہیں کی۔

ملزم کے مطابق واقعے کے روز وہ مقتول کے ساتھ بازار کانجو میں دکان پر موجود تھا، بعدازاں دونوں وہاں سے نکل کر مقتول کے گھر کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں شہید بابا پرائمری اسکول کے قریب اس نے پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مفتاح الدین موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : نادرا کا 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کے والدین کیلیے پیغام

پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top