چلاس: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھ گاڑیاں ملبے تلے، دو گاڑیاں دریا میں بہہ گئیں

چلاس: دیامر میں اچانک ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں چھ گاڑیاں ملبے کے نیچے دب گئیں، جن میں سے دو گاڑیاں شدید نقصان کے بعد دریا برد ہوگئیں۔

ڈپٹی کمشنر دیامر نے تصدیق کی کہ ابھی تک کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کے فوراً بعد شاہراہ قراقرم کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا، تاہم ملبہ ہٹانے کے بعد اسے ون وے ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

ڈی سی دیامر کے مطابق ریسکیو اور سیکیورٹی ادارے موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، تاہم انتظامیہ نے بھاری مشینری تعینات کر دی ہے تاکہ راستوں کو جلد از جلد کھولا جا سکے۔

علاقائی شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شاہراہ قراقرم پر احتیاطی اقدامات کو لازمی طور پر اپنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری،لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب سمیت متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس طرح مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی شامل ہیں، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں جیسے کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔

Scroll to Top