اسلام آباد: پاکستان نے ترک فضائیہ کے سی-130 کارگو طیارے کے المناک حادثے پر ترکیہ کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے تعزیتی بیان میں کہا کہ پاکستان اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے عوام کے دکھ میں برابر شریک ہے۔
انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے صبر جمیل کے لیے دعائیں بھی کیں۔
واضح رہے کہ ترک فضائیہ کا سی-130 طیارہ آذربائیجان سے ترکی کے لیے روانہ ہوا تھا کہ جارجیا اور آذربائیجان کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 20 اہلکار جاں بحق ہوئے۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
صدر اردوان نے شہداء کے لیے دعائیں بھی کیں۔
یہ بھی پڑھیں : ترکی کا فوجی طیارہ گرکرتباہ ،20اہلکار جان سےگئے
ترکیہ کی فوج کا ایک سی-130 کارگو طیارہ منگل کے روز آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
ترکیہ کی وزارتِ دفاع کے مطابق طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 20 افراد سوار تھے۔
وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ طیارہ آذربائیجان سے روانہ ہوا تھا اورترکیہ واپس جا رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔
ؤ حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد آذربائیجان اور جارجیا کی متعلقہ اتھارٹیز کیساتھ مل کرمشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
ترکیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے قریب امدادی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اورملبے تک رسائی کی کوششیں جاری ہیں۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے۔





