مزید بارشیں؟ ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، محکمۂ موسمیات نے موسم کی نئی پیشگوئی جاری کر دی

مزید بارشیں؟ ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، محکمۂ موسمیات نے موسم کی نئی پیشگوئی جاری کر دی

محکمۂ موسمیات نے ملک بھر کے موسم کے حوالے سے تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی مقامات پر سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور ہلکی دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں فضائی آلودگی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آج بدھ کے روز موسم کی صورتحال سے متعلق جاری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں جن میں چترال، دیر، سوات اور کوہستان شامل ہیں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ میدانی علاقوں میں سموگ اور ہلکی دھند پڑنے کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح سندھ کے بیشتر اضلاع، بشمول کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں خشک اور شمالی اضلاع (زیارت، قلات، کوئٹہ) میں صبح و رات کے اوقات میں شدید سردی متوقع ہے۔

ادھر شمالی علاقہ جات کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بلند مقامات پر درجہ حرارت مزید گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لہہ میں منفی 5، زیارت میں منفی 3، گلگت میں منفی 2 اور چترال و استور میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح و شام کے اوقات میں گرم لباس کا استعمال کریں اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

 

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کچہری واقعہ: بزدلانہ حرکت، ہم نہیں ڈریں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

Scroll to Top