27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل دوپہر طلب

اسلام آباد: 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل دوپہر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ آئینی ترامیم کی روشنی میں موجود قوانین میں ضروری تبدیلیوں کی منظوری دے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی ایکٹ، نیوی ایکٹ اور ائیرفورس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری کا امکان ہے، جبکہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے متعلق قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں ترمیم شدہ آئینی شقوں کی روشنی میں قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دی جائے گی تاکہ آئینی ترامیم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

وفاقی کابینہ کی یہ کارروائی ملک میں آئینی عمل کو مزید مضبوط بنانے اور قانونی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے آئینی عدالت کے قیام کے لیے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے، ترمیمی بل آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 27ویں آئینی ترمیمی بل کو سینیٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے ارکان شامل ہوں گے۔

فاروق ایچ نائیک کو کمیٹی کا چیئرمین جبکہ محمود بشیر ورک کو کوچیئر مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی اصلاحات کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے الگ الگ مشاورت کی جن میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، بی اے پی، اے این پی، نیشنل پارٹی اور اعجاز الحق شامل تھے۔

اتحادی جماعتوں نے آئینی عدالت کے قیام اور اصلاحاتی عمل پر اتفاق رائے ظاہر کیا۔

وزیر قانون نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام سے نظامِ انصاف میں ایک نئی پیش رفت کی توقع ہے جبکہ یہ اقدام چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت طے پانے والے فیصلے پر عملدرآمد کا حصہ ہے۔

Scroll to Top