ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ ہیومن ریسورسز اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی یا غیر حاضر گھریلو ملازمین کو قانونی حیثیت دلانے کے لیے دی جانے والی مہلت میں چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ نئی مہلت آج سے نافذ العمل ہوگی اور آئندہ چھ ماہ تک جاری رہے گی۔
سعودی عرب کی وزارت ہیومن ریسورسز اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گھریلو ملازمین اور ان کے مالکان کو اضافی وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مساند پلیٹ فارم کے ذریعے خودکار نظام کے تحت اپنے معاملات درست کر سکیں۔ اس سے نہ صرف کام کے ماحول میں بہتری آئے گی بلکہ تمام فریقین کے حقوق کا تحفظ بھی ممکن ہوگا۔
سعودی عرب کی وزارتِ ہیومن ریسورسز اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ نے واضح کیا کہ یہ قدم سعودی افرادی قوت کے شعبے میں اصلاحات اور تنظیم کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے معاہداتی تعلقات میں بہتری آئے گی اور لیبر مارکیٹ کے نظم و نسق کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : زمبابوے کرکٹ ٹیم سہ ملکی سیریز میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی
سعودی عرب کی وزارت ہیومن ریسورسز اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کے مطابق اس اقدام کے تحت وہ گھریلو ملازمین جن کے اقامے کی مدت ختم ہو چکی ہے یا جن کی غیر حاضری کی رپورٹ درج ہو چکی ہے، اب قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اپنی خدمات نئے مالکان کو منتقل کر سکتے ہیں۔
تمام کارروائیاں مساند پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دی جائیں گی، اور یہ سہولت صرف ان ملازمین کے لیے دستیاب ہوگی جو اعلان کے بعد غیر حاضر نہیں ہوئے۔
سعودی حکومت کے اس فیصلے کو غیر منظم ملازمت کے خاتمے اور افرادی قوت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





