گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل روشن، مختلف سیاسی جماعتوں کے وکلاء پیپلز لائرز فورم میں شامل
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزید تابناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے وکلاء کی پیپلز لائرز فورم (پی ایل ایف) میں شمولیتی تقریب کے دوران کیا۔
تقریب میں پیپلز لائرز فورم کے صدر گوہر رحمان خٹک کی قیادت میں تحریک انصاف کی فرزانہ جاوید، ٹی ایل پی کے تنویراحمد، تحریک انصاف کے رفق احمد، جے یو آئی کے سید نظام بخاری، تحریک انصاف کے جمال احمد ناصر، انیس احمد، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رہنما ایوشہ ملک، طاہرہ، صابرہ، فائزہ، شہلا، افراسیاب اور خورشید نے باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے نئے شامل ہونے والے وکلاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی میں عوامی دلچسپی اس کی مقبولیت کا ثبوت ہے اور وکلاء کو پارٹی نے ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو متفقہ آئین دیا اور آج آئینی ترامیم میں بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے مفادات کے بجائے پاکستان کو فوقیت دی اور صدر آصف علی زرداری کا ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام اور جمہوریت کے قیام میں وکلاء کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔
تقریب کے دوران گورنر نے پی ایل ایف کو فعال بنانے پر گوہر رحمان خٹک اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پی ایل ایف کے صدر نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو فعال بنانے میں ان کا کردار قابل ستائش ہے اور پی ایل ایف کو مزید متحرک بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر بھی موجود تھے۔





