شاہین سری لنکا کو وائٹ واش کرنے کیلئے بے تاب، آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

میچ سہ پہر 2:30 بجے شروع ہوگا اور پاکستان پہلے ہی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو محض 6 رنز سے شکست دی۔

راولپنڈی کے اس میچ میں سری لنکن ٹیم 300 رنز کے تعاقب میں 293 رنز تک محدود رہی، جس میں ونیندو ہسارنگا نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث روف نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی۔ اس میچ میں پاکستان نے 289 رنز کے ہدف کو 2 وکٹ کے نقصان پر 49 اوورز میں حاصل کیا۔

بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری اور محمد رضوان کے 51 رنز نے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

فخر زمان 78 اور صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چمیرا نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

پولیس حکام کے مطابق راولپنڈی سٹیڈیم کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹیموں کی آمد و روانگی کے وقت نفری تعینات رہے گی۔

پاکستانی ٹیم تیسرا میچ جیت کر سری لنکا کے خلاف سیریز کو وائٹ واش کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کی مہمان نوازی، سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں کے لیے عشائیہ

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی کے عشائیے میں مہمان کھلاڑیوں نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

تقریب میں نہ صرف مہمان ٹیمیں بلکہ قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔

Scroll to Top