پنجاب حکومت کا نیا اقدام ،غیر قانونی طور پر مقیم افغانی شہریوں کی اطلاع دینے والوں کو نقد انعام
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغانی شہریوں کی معلومات فراہم کرنے والے افراد کو نقد انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اور عوام کی مدد سے اس عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 6 ہزار 220 غیر قانونی افغانی شہریوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی مدد سے اس معاملے میں شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنانا چاہتی ہے، اور اطلاع دینے والے شہریوں کے لیے مالی مراعات کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی مقیم افراد کی شناخت اور وطن واپسی کا عمل تیز ہو سکے۔
یہ اقدام حکومت پنجاب کی طرف سے ملک میں غیر قانونی قیام کو کنٹرول کرنے اور مقامی کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔





