اسلام آباد: اسلام آباد میں جاری سیاسی و عسکری سرگرمیوں کے حوالے سے تحقیقاتی صحافی زاہد گشکوری نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور ’’آل از ویل‘‘ کی فضا قائم ہے، جبکہ نئی عسکری کمانڈ کے حوالے سے نوٹیفکیشن اب ثانوی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
زاہد گشکوری کے مطابق نئی کمانڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا، جس میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور آئندہ چند روز میں تمام تقرریوں اور رسمی مراحل کی تکمیل کی توقع ہے۔
تحقیقاتی صحافی کا کہنا تھا کہ نئی عسکری قیادت کی ذمہ داریوں کے حوالے سے حکومتی سطح پر بھی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ اہم ادارے اس سلسلے میں مربوط رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ 27 نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا ریٹائر ہو گئے تھے، جس کے بعد سے متعلقہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : نوازشریف ہر بات سوچ کر کرتے ہیں، چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن پر کوئی اختلاف نہیں: رانا ثنا
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی اس معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں اور تمام معاملات مکمل طور پر طے پا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں نوٹیفکیشن کے اجرا کا امکان ہے۔
رانا ثنا کے مطابق حکومت اس قومی نوعیت کے معاملے پر نہیں چاہتی کہ کوئی قیاس آرائی کی گنجائش باقی رہے، اس لیے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔





