ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل، بیرسٹر گوہر کی مایوسی کا اظہار، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کو حالات کی بہتری کے لیے ناگزیر قرار
ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا باضابطہ ردِعمل سامنے آگیا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اور اگر ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تو معاملات بہتری کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریاستی اداروں اور سیاسی شخصیات کا ایک دوسرے کو ذہنی مریض یا خطرہ قرار دینا افسوس ناک رویہ ہے، جس سے سیاسی ماحول میں مزید تلخی پیدا ہوتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع سب سے اہم ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا’’پاکستان بھی ہمارا ہے، فوج بھی ہماری ہے۔ یہی وقت ہے کہ سب ایک دوسرے کو جگہ دیں، تسلیم کریں اور باہمی اعتماد کو بحال کریں۔
بیرسٹر گوہر نے تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی مکالمہ اور اعتماد سازی انتہائی ضروری ہے۔





