پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا آج کوہاٹ میں منعقد ہونے والا بڑا جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہو گیا۔ جانانہ مل گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسے کے سٹیج پر نصب دیوقامت بورڈ حادثاتی طور پر گر گیا، جس سے انتظامیہ اور شرکاء میں ہلچل مچ گئی۔
جلسے کا انتظام پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کیا ہے، اور اس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پارٹی کے اعلیٰ سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق یہ جلسہ علاقے میں اتحاد اور حمایت کا مضبوط پیغام دینے کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔
تاہم، مقامی سطح پر جلسے کے حوالے سے اتنا جوش و خروش نہیں دیکھا جا رہا۔ کئی مقامی رہائشیوں نے جلسے کے اثرات پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ایسے جلسے زیادہ تر نعرے بازی تک محدود رہے اور عملی تبدیلی نہیں لا سکے۔
کوہاٹ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ جلسے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے صرف وعدوں اور نعروں پر مشتمل ہوتے ہیں اور علاقے میں ترقیاتی منصوبوں یا سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں
ایک مقامی شہری نے کہا’’پی ٹی آئی کے جلسے ہمیشہ ایک جیسے وعدے اور نعرے لے کر آتے ہیں، مگر جب عملی منصوبوں کی بات آتی ہے تو کوہاٹ ہمیشہ پیچھے رہ جاتا ہے۔‘‘
جلسے کے آغاز سے پہلے ہونے والے اس حادثے نے انتظامیہ کے لیے اضافی چیلنج پیدا کر دیا ہے، اور سکیورٹی اہلکار موقع پر تعینات ہیں تاکہ شرکاء کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔





