خیبر پختونخوا پولیس کا بڑا مطالبہ! صوبائی حکومت سے خصوصی الاؤنس کی درخواست، سمری وزیراعلیٰ کو ارسال
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میںسکیورٹی کی بگڑتی صورتحال اور مسلسل خطرات کے پیش نظر صوبائی حکومت سے خصوصی الاؤنس دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ پولیس کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو باقاعدہ سمری ارسال کر دی گئی ہے، جس میں پولیس اہلکاروں کے لیے اضافی مالی مراعات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
سمری کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض انجام دے رہی ہے اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس نے قیمتی جانوں سمیت بھاری قربانیاں دی ہیں۔ پولیس اہلکار نہ صرف دہشت گردی بلکہ بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین خطرات کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔
سمری میں نشاندہی کی گئی ہے کہ صوبے میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ حملوں کے خطرات بدستور موجود ہیں، تاہم ان سخت اور جان لیوا حالات کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس کو کسی قسم کا خصوصی مالی الاؤنس فراہم نہیں کیا جا رہا۔ پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ دیگر سیکیورٹی اداروں کی طرز پر پولیس اہلکاروں کو بھی اضافی مراعات دی جانی چاہئیں۔
محکمہ پولیس کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ان کی بنیادی تنخواہ کے برابر خصوصی الاؤنس دیا جائے، تاکہ اہلکاروں کے حوصلے بلند ہوں اور ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف فورس کا مورال بڑھے گا بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس مزید مؤثر کردار ادا کر سکے گی۔
سمری کے مطابق مجوزہ خصوصی الاؤنس کی منظوری کی صورت میں صوبائی حکومت پر ماہانہ 4 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی جانوں کا تحفظ اور ان کی خدمات کا اعتراف کسی بھی مالی لاگت سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
اب گیند صوبائی حکومت کے کورٹ میں ہے، جو اس سمری کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ پولیس اہلکار اور عوامی حلقے اس مطالبے کو جائز قرار دے رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حکومت پولیس فورس کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گی۔





