بس بہت ہو چکا،مزید تذلیل اور ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا، ایڈووکیٹ قاضی انور

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما اور انصاف لائرز فورم کے صدر قاضی محمد انور نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور انصاف لائرز فورم کے چیف آرگنائزر کو اپنا تحریری استعفیٰ ارسال کر دیا ہے۔

ایڈووکیٹ قاضی انور نے استعفیٰ میں کہا کہ بس بہت ہو چکا مزید تذلیل اور ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ طویل خدمات اور قربانیوں کے باوجود انہیں بار بار نظر انداز کیا گیا، پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں نامزد ہونے کے باوجود پارٹی کی حمایت نہ ملی اور ایسی حمایت دی گئی جو پارٹی یا انصاف لائرز فورم سے تعلق نہ رکھنے والے امیدواروں کو دی گئی۔

ایڈووکیٹ نے کہا کہ پارٹی قیادت کے رویے کی وجہ سے انہیں توہین آمیز خطوط، تحریری احکامات اور تضحیک آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑا جس سے نہ صرف ان کی عزتِ نفس مجروح ہوئی بلکہ مسلسل ذہنی دباؤ کے باعث صحت بھی متاثر ہوئی۔

قاضی انور نے اپنے استعفیٰ میں اعلان کیا کہ وہ پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت، تمام کمیٹیوں، انصاف لائرز فورم کے صدر کے عہدے اور حامد خان کے پروفیشنل گروپ کی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

ان کے اس فیصلے سے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور قیادت کے رویے پر نئے سوالات اٹھ گئے ہیں اور یہ معاملہ آئندہ سیاسی مباحث میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قاضی انور ایڈوکیٹ انصاف لائرز فورم کی صدارت سے مستعفی ہو گئے

یاد رہے قاضی انور پاکستان کے معروف وکیل اور سیاسی فعال شخصیت ہیں جو انصاف لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صدر رہ چکے ہیں اور پی ٹی آئی کی کور اور اکاؤنٹیبلیٹی کمیٹی کے رکن کے طور پر پارٹی کے قانونی و انتظامی معاملات میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

Scroll to Top