لیگی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ضلع تورغر میںپی ٹی آئی دورحکومت میں کوئی قابل ذکر ترقیاتی کام نہیں ہو سکا، جس کے باعث یہ علاقہ آج بھی پاکستان کے پسماندہ ترین اضلاع میں شمار ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں لبرٹی چوک پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ تورغر انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین حالات میں اس علاقے کا دورہ کیا، جو اس وقت فاٹا کنٹرولڈ تھا، اور اسے باقاعدہ سیٹلڈ ایریا میں شامل کرایا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت علاقے کی ترقی کے لیے مراعات دی گئیں اور دس ارب روپے کا خصوصی پیکیج منظور ہوا، تاہم اس رقم سے صرف ایک پل تعمیر ہو سکا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ اس منصوبے کو سی پیک سے منسلک کیا جائے تاکہ علاقے میں مزید ترقی ممکن ہو سکے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں چھ ارب روپے کی لاگت سے دانش اسکول قائم کیا گیا، دو گرلز اسکول بنائے گئے اور علاقے میں ترقی کا عمل شروع ہو چکا تھا، مگر پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد تمام ترقیاتی منصوبے رک گئے۔ انہوں نے کہا کہ تورغر کی خدمت جنت کا راستہ ہے اور اسی جذبے کے تحت وہ نواز شریف کو بھی اس علاقے میں لے کر گئے تھے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ انہوں نے مساجد میں قیام کر کے تورغر کے مسائل کو قریب سے سمجھا اور وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچایا، مگر بدقسمتی سے علاقے کے عوام نے ان کی سوچ کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ کرپشن پر ملوث افراد کو پکڑا گیا، مگر بعد میں عوام نے دوبارہ انہی کرپٹ عناصر کو ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والی امداد کالا ڈھاکہ کو دی گئی، جبکہ انہوں نے ترغر کو ملک کے سب سے پسماندہ اضلاع میں شامل کروا کر عالمی اداروں کی توجہ حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو عبدالستار ایدھی جیسے مخلص کردار کی ضرورت ہے۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ تورغر میں نہ مناسب اسکول ہیں اور نہ ہی معیاری اسپتال، اور عوام کو چاہیے کہ وہ ان عناصر کا احتساب کریں جو ووٹ لے کر کرپشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے کراچی میں امن قائم کر کے دکھایا، جبکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے مریضوں کا پنجاب میں علاج کیا جا رہا ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال بنانے کے بجائے اسلام آباد پر حملے کے نعرے لگائے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے اور پارٹی مرکز سمیت صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے تورغر کے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ غلطیوں سے گریز کریں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ووٹ کسی کو جنت میں نہیں لے جاتا بلکہ اصل کامیابی والدین کی دعاؤں سے ملتی ہے، اور عوام کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔





