ہر رکاوٹ کے باوجود ملاقات کا عزم،بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان آج بانی پی ٹی آئی(عمران خان) سے ملنے اڈیالہ جیل پہنچیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گی اور ملاقات نہ کرائے جانے کی صورت میں وہیں بیٹھیں گی۔ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ وہ ہر حال میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کریں گی اور کسی دباؤ یا رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اگر ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی اور ہم پر پانی بھی پھینکا گیا تب بھی ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی قانونی اور سیاسی ٹیم ہی ہماری ٹیم ہے اور علیمہ خان گروپ یا بشریٰ بی بی گروپ جیسی باتیں محض پروپیگنڈا ہیں۔
علیمہ خان نے بعض پارٹی رہنماؤں کے بیانات پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کو سنجیدہ لینے والوں پر انہیں حیرت ہے، کیونکہ اس طرح کے بیانات سے پارٹی کو نقصان پہنچتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جیل مینول کی پابندی کریں تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل مینول کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کی ملاقات بند کر دی جائے گی۔
سیاسی حلقوں کے مطابق آج اڈیالہ جیل میں علیمہ خان کی آمد کے باعث صورتحال کشیدہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر حکومتی اور پی ٹی آئی مؤقف آمنے سامنے ہیں۔





