سہیل آفریدی کا اقلیتی برادری کیلئے 86 کروڑ روپے کے تاریخی منصوبوں کا اعلان، تعلیم، روزگار اور عبادت گاہوں کی بہتری کیلئے شاندار اقدامات۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اقلیتی برادری کے لیے 86 کروڑ روپے کے بڑے فنڈز کی منظوری دے کر تعلیم، روزگار اور عبادت گاہوں کی بہتری کے لیے تاریخ ساز اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ یہ اعلان معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیرزادہ کے ہمراہ اقلیتی برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔
شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایات کے مطابق اقلیتی برادری کے لیے مختلف شعبوں میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ تعلیم، مذہبی ہم آہنگی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اہم اقدامات اور فنڈز کی تفصیل:
اقلیتی طلبہ کے لیے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک اسکالرشپس کی مد میں 8 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
نوجوانوں کے مقابلے کے امتحانات کی تیاری اور اسکلز ٹریننگ کے لیے 20 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
مذہبی ہم آہنگی، کمیونٹی ایکسچینج پروگرامز اور مذہبی تہواروں کے انعقاد کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ضم شدہ اضلاع میں عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے 10 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ بندوبستی اضلاع میں عبادت گاہوں کی مرمت و بہتری کے لیے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
شمشان گھاٹ اور قبرستانوں کی مرمت و بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
عبادت گاہوں اور اقلیتی کالونیوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر 41 کروڑ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے
تمام تعلیمی اداروں میں اقلیتی برادری کے طلبہ کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری محکموں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے اقدامات دیگر صوبوں سے آگے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام ممکنہ وسائل استعمال کرتے ہوئے اقلیتی برادری کی تعلیمی، سماجی اور مذہبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام جاری رکھے گی۔
یہ اقدامات نہ صرف اقلیتی برادری کے لیے مواقع فراہم کریں گے بلکہ صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور مساوی مواقع کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔





