علیمہ خان کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا اعلان ،اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی سخت، واٹر کینن تعینات
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں، جبکہ کسی بھی ممکنہ امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن کو جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر پہنچا دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جیل کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو وہ جیل کے باہر ہی بیٹھ جائیں گی اور ہر صورت ملاقات کی کوشش جاری رکھیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ کسی دباؤ، رکاوٹ یا سیکیورٹی انتظامات سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملاقات نہ کرائی گئی اور حتیٰ کہ واٹر کینن کے ذریعے پانی بھی پھینکا گیا تب بھی وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
علیمہ خان نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کے گروپ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی قانونی اور سیاسی ٹیم ہی ان کی واحد ٹیم ہے، جبکہ علیمہ خان گروپ یا بشریٰ بی بی گروپ سے متعلق باتیں بے بنیاد اور محض پروپیگنڈا ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔





