بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست جیل حکام کے حوالے کر دی گئی۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سےکل بروز جمعرات ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں آفتاب عالم، عدنان قادری، پیر مصور خان کے نام شامل ہیں۔فہرست میں محمد اسرار، لیاقت علی خان اور سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا نام بھی فہرست کا حصہ ہے۔
دوسری جانب منگل کی رات اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے پر عمران خان کی بہنوںسمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ راولپنڈی کے صدر بیرونی تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اور دیگر دفعات کے تحت جن میں قتل کی کوشش اور سازش شامل ہے درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں علیمہ خان، نورین نیازی، قاسم خان، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، وکیل تابش، سمیعہ، نعیم حیدر پنجوتہ، سابق رکن پنجاب اسمبلی تیمور مسعود، رکن اسمبلی تنویر اسلم، رکن اسمبلی بسمہ ریاض، طیبہ راجہ اور 300 سے 400 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے دن شیگن فیکٹری آڈیالہ روڈ کے سامنے دھرنا دیا اور احتجاج کے دوران ہجوم کو حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے لگانے کی ترغیب دی۔ ہجوم کی تعداد تقریباً 400 افراد تک پہنچ گئی اور 17 دسمبر کی صبح ڈھائی بجے کے قریب یہ مشتعل ہو گئے۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب ہجوم مشتعل ہواتو پولیس نے کارروائی شروع کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
کارروائی کے دوران 14 مظاہرین کوپولیس کے ساتھ تصادم کے دوران گرفتار کیا گیا جبکہ باقی افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔





