کیڈٹ کالج وارسک میں یومِ والدین کی پروقار تقریب، کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا

کیڈٹ کالج وارسک میں یومِ والدین کے موقع پر ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیڈٹس کے والدین کے علاوہ عسکری اور سول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، کور کمانڈر پشاور تھے، اس موقع پر کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور مثبت سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔

مہمانِ خصوصی نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

تقریب میں مجموعی طور پر اعلیٰ کارکردگی پر کیڈٹ عکاشہ بنگش نے پہلی جبکہ کیڈٹ عزیر رحمان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے دوران جمناسٹک، گھڑ سواری اور دیگر سرگرمیوں کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔

مہمانِ خصوصی نے سائنسی، فنی اور تصویری کلبز کا دورہ کیا اور کیڈٹس کی فنی، فکری اور تکنیکی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ کیڈٹ کالج وارسک کا قیام 2009 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ادارہ اپنے اعلیٰ تعلیمی معیار کے باعث ملک بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی میں یومِ والدین: کور کمانڈر پشاور نے کیڈٹس کو تعلیم اور کارکردگی کی ترغیب دی

کیڈٹ کالج وارسک سے فارغ التحصیل طلبہ نے ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

Scroll to Top