پی ٹی آئی قیادت کو سزائیں، 9 مئی واقعات کے منطقی انجام کی جانب اہم قدم

 لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے چار رہنماؤں یاسمین راشد، عمر چیمہ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشیدکو دس دس سال قید کی سزائیں سنائیں ان کے ساتھ دیگر 29 ملزمان کو بھی مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔

عدالت نے انہیں 10 مئی 2023 کو لاہور کے گلبرگ مارکیٹ کے قریب چین ون چوک پر ایک مسلح ہجوم کی قیادت کرنے کا مجرم قرار دیا، اس ہجوم نے پولیس اہلکاروں پر پتھر، انڈے اور پیٹرول بم پھینکے، جو سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

یہ فیصلہ 9 مئی کے گھناؤنے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، ریاست نے بالآخر 9 مئی 2023 کے انتشار کے محرکین اور معاونین کو قانون کے شکنجے میں لانے کا عمل شروع کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ فیصلے واضح پیغام دیتے ہیں کہ 9 مئی کے انتشار کی ذمہ دار تحریک انصاف کی قیادت کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ریاست اپنی بالادستی کو چیلنج کرنے والے کسی بھی منصوبے کو برداشت نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو دی گئی سزا افسوسناک ہے، شفیع جان کا ردعمل

ماہرین کے مطابق یہ سزائیں اصل منصوبہ ساز عمران خان کی ممکنہ حتمی سزا کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہیں کیونکہ ان کے اشارے پر ریاست کی بالادستی کو للکارا گیا تھا، پارٹی کی وہ قیادت جو عمران خان کی پرتشدد اور نفرت انگیز سیاست کے اثرات سے پہلے ہی علیحدہ ہو چکی ہے، 9 مئی کے واقعات میں ان کے براہ راست ملوث ہونے کے بارے میں واضح بیانات دے چکی ہے۔

یہ فیصلے قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top