سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا میں دو مختلف آپریشنز، 9 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم الخوارج کے 9 ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

پہلی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اس آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی جہاں مزید 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں کارروائیاں کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئیں اور سیکیورٹی فورسز کا حوصلہ مزید بلند ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز دہشتگردوں کی مذموم سرگرمیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے کیے گئے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان،سیکیورٹی فورسز نے بویاکیمپ پر خودکش حملہ ناکام بنادیا،5دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے جن سے نہ صرف دہشتگردوں کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے بلکہ علاقے میں امن کی بحالی کی کوششوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔

Scroll to Top