سال نو کی خوشیوں کی پہلی کرن آکلینڈ سے، دنیا بھر میں جشن و رنگینی کا باقاعدہ آغاز آج سے، شاندار آتشبازی اور ثقافتی تقریبات سے روشن ہوں گے ۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں نئے سال کی خوشیوں کا آغاز آج سے باضابطہ ہو جائے گا اور عوام سڑکوں، گلیوں، تفریحی مقامات اور مشہور لینڈ مارکس پر جمع ہو کر نئے سال کا بھرپور استقبال کریں گے۔ کہیں شاندار آتشبازی کے مظاہرے دیکھنے کو ملیں گے تو کہیں موسیقی اور ثقافتی پروگراموں کی رونق چھائی رہے گی۔
سال نو کا پہلا جشن نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منایا جائے گا، جہاں اسکائی ٹاور پر روشنیاں جگمگائیں گی اور شہر بھر میں خوشیوں کا سماں باندھ دیا جائے گا۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر پر رنگارنگ تقریبات اور شاندار آتشبازی کی توقع ہے۔
یورپ میں بھی نئے سال کی خوشیوں کا آغاز ہو جائے گا، لندن میں بگ بین اور لندن آئی کے مقام پر شاندار آتشبازی کے مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ نیویارک میں روشنیوں سے منور شیشے کی دیو قامت گیند کو دیکھنے ہزاروں افراد کی آمد متوقع ہے۔ دبئی کے برج خلیفہ پر بھی نئے سال کی آمد پر روشنیوں اور رنگ و نور کی شاندار برسات ہوگی۔
قطر، ہانگ کانگ، تائیوان اور دیگر ممالک میں بھی نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ سال نو کی آخری اور سب سے بڑی تقریب امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں منعقد ہوگی، جہاں روشنیوں سے منور دیو قامت گیند اونچائی سے گرائی جائے گی، اور دنیا بھر کی نظریں اس لمحے پر مرکوز ہوں گی۔
سال نو کی خوشیوں کے اس عالمی جشن سے ہر ملک میں امید، خوشی اور توانائی کی لہر دوڑ جائے گی، اور دنیا بھر کے لوگ پرانی یادوں کو چھوڑ کر نئے عزم اور نئی خوشیوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کریں گے۔





